عرقِ گلاب ۔۔۔۔

آج سے بیس تیس سال پہلے ہمارے ہاں کی خواتین اپنے چہرے کی دلکشی کے لیے قدرتی اجزاء سے بنی ہوئی اشیاء استعمال کرتی تھیں جس کی وجہ سے ان کی صحت و تندرستی اور حسن و شادابی بڑھاپے میں بھی قائم رہتی تھی ۔قدرتی اشیاء اور جڑی بوٹیوں کے استعمال سے ان کا چہرہ صاف شفاف اور ترو تازہ رہتا تھا ۔ ایسی خواتین حسن و زیبائش کے لیے خصوصاً جلدی امراض سے بچنے کے لیےگلاب کا عرق اور لیموں کا رس استعمال کرتی تھیں ۔
عرقِ گلاب انسانی جلد کے لیے ایک گوہر نایاب ہے ۔جلدی امراض کے ڈاکٹر انہیں متعدد بیماریوں کے لیے استعمال کراتے ہیں مثلاًعرقِ گلاب جلد کی قوت مدافعت بڑھاتا ہے ۔یہ جلد میں پانی کی صحیح مقدار قائم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے ۔ کہ جس کی وجہ سے جلد ملائم اور چمک دار اور ہموار رہتی ہے ۔
٭عرقِ گلاب جلد سے پانی کے ضرورت سے زیادہ اخراج کو روکتا ہے ۔
٭ گرمیوں کے دنوں میں جنہیں پسینہ زیادہ آتا ہے عرقِ گلاب کا استعمال انہیں پسینے کی بدبو سے نجات دلاتا ہے ۔
٭سردیوں میں انسانی جلد بہت خشک ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے جلدی امراض مثلاً ایگزیما لا حق ہو جاتا ہے ۔اور عرقِ گلاب اس بیماری سے بچاتا ہے ۔
چھائیوں سے نجات حاصل کرنے اور جلد کی رنگت میں نکھار پیدا کرنے کے لیے عموماً بازاری کریمیں استعمال کی جاتی ہیں ۔مگر جلدی امراض کے ماہر ڈاکٹر عرقِ گلاب کو ترجیح دیتے ہیں ۔نیز انہیں ڈاکٹروں کا یہ مشورہ ہے کہ چہرے کی خشکی اور جھریوں سے بچنے کے لیے ۔۔۔عرقِ گلاب ، گلیسرین ،اور لیموں کا رس ملا کر استعمال کیا جائے تو مطلوبہ نتائج بر آمد ہوں گے ۔
٭گھریلو خواتین جن کے ہاتھوں کی انگلیاں کپڑے اور برتن دھونے والے صابن اور سرف کے استعمال سے کھردری ہو کر پھٹ جاتی ہیں اور ان میں زخم بن جاتے ہیں ایسی خواتین گلیسرین اور عرقِ گلاب روزانہ تین چار مرتبہ استعمال کریں تو اس مرض سے بچا جا سکتا ہے ۔
٭بعض مرد و خواتین کی ایڑیاں پھٹ جاتی ہیں اگر وہ عرقِ گلاب اور گلیسرین کا کلچر لگائیں ۔تو ان کی یہ بیماری ختم ہو جائے گی ۔
٭ عرقِ گلاب زیتون اور شہد کے ساتھ مل کر جلد اور معدہ کی حفاظت کے بہت سے امور انجام دیتا ہے ۔ خصوصاً صرف عرقِ گلاب پینے سے قبض دور ہو جاتا ہے ۔اور یہ انتڑیوں کو جراثیم سے پاک و صاف کر دیتا ہے ۔
عرقِ گلاب جلدی امراض کے علاوہ انسان کےہر عضو کے لیے دوا کی حیثیت رکھتا ہے ۔جدید طب نے عرقِ گلاب کو آنکھوں کا نور کہا ہے ۔اور آج ماحولیاتی آلودگی کے زمانہ میں اس کا استعمال بہت ضروری قرار دیا ہے ۔
عرقِ گلاب ایک خوشبو،دوا ،غذا اور مشروب ہے ۔۔۔سخت گرمیوں میں دو چمچ شہد ایک گلاس پانی میں گھول کر اس میں چند قطرے عرقِ گلاب کے ملا لیے جائیں تو یہ ایک فرحت بخش مشروب بن جاتا ہےاس سے بدن کی گرمی دور ہوتی ہے اور بدن میں چستی اور طاقت پیدا ہوتی ہے ۔عرقِ گلاب قدرت کی ایک ایسی سوغات ہے جسے گھر میں رکھنا چاہیئے ۔
یوں تو بازاروں میں بہت سے عرقِ گلاب دستیاب ہیں مگر خریدنے سے پہلے یہ تسلی ضرور کر لیں کہ کہیں آپ ناقص اور ملاوٹی عرقِ گلاب تو نہیں خرید رہے ۔خالص عرقِ گلاب اپنی خوشبو سے پہچان لیا جاتا ہے جب کہ ملاوٹی عرقِ گلاب کی خوشبو تلخ محسوس ہو گی اور وہ دیکھنے پر بھی بد مزہ ہو گا ۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.